پنجاب کے شہر لدھیانہ میں لاپتہ ہوئے کشمیری باشندے کے اہل خانہ نے سمبل، سوناواری میں خاموش مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گمشدہ شخص کی تلاش میں ان کی مدد کی جائے۔
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے لاپتہ شخص کے اہل خانہ نے دعویٰ کیا کہ ’’وہ اپنی (غیر مقامی) زوجہ کے ہمراہ خوش دامن کی خبرگیری کے لیے ریاست بہار جا رہا تھا تاہم پنجاب کے شہر لدھیانہ میں قیام کے دوران لا پتہ ہو گیا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’اسکی اہلیہ صحیح سلامت بہار پہنچ گئی اور تین روز بعد ہمیں لدھیانہ میں ہوئے واقعے کی اطلاع دی، جس کے بعد ہم نے پولیس اسٹیشن حاجن میں گمشدگی کی رپورـٹ درج کرائی۔‘‘
مزید پڑھیں: بانڈی پورہ: مقامی افراد کو 9 برس سے فٹ برج کا انتظار
لاپتہ ہوئے شخص کی شناخت 35 سالہ گلزار احمد خان ساکنہ چندگیر، حاجن، سوناواری کے طور پر ہوئی ہے جس کی شادی ریاست بہار کی ایک لڑکی سے ہوئی ہے۔
گلزار احمد کے اہل خانہ نے انتظامیہ سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے گلزار احمد کا پتہ لگانے میں انکی مدد کرنے کی گزارش کی ہے۔