سرینگر: جموں وکشمیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (جے کے ڈی ایم اے) نے سرحدی ضلع کپواڑہ کے2600 میٹر بلندی والے علاقوں میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کم خطرے والے برفانی تودہ گرنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ نے سرحدی ضلع بانڈی پورہ کے 2500 میٹر والی اوپری علاقوں میں درمیانہ درجہ کے برفانی تودے گر آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔محکمے نے لوگوں سے احتیاط برتنے کی ہدایت دی اور ان علاقوں میں جانے سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی جہاں برفانی تودے گر آنے کے خطرات لاحق ہیں۔
بتادیں کہ اس سے پہلے17 فروری کو سرحدی ضلع کپواڑہ کے مژھل علاقہ میں برفانی تودا گر آیا تھا۔ اس حادثہ میں ایک شخص ہلاک جبکہ تین لوگوں کو بچا لیا گیا۔ اس سے قبل 10 فروری کو سرحدی علاقہ گریز کے ماز گنڈ بالا علاقے میں برفانی تودا گر آیا تھا۔ اس برفانی تودے کی زد میں ایک خاتون اور ایک دوشیزہ آئی تھی، تاہم مقامی لوگوں نے فوری طور بچاؤ آپریشن شروع کرکے دونوں کو زندہ بچالیا تھا۔
مزید پڑھیں: Avalanche Hit Hung Area Of Sonamarg سونمرگ میں برفانی تودے گرے
وہیں مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں یکم فروری کو برفانی تودا گرا تھا۔ اس برفاتی تودے میں پولینڈ کے دو سیاح ہلاک ہوئے تھے۔ ریسکیو آپریشن کے ذریعے 19سیاحوں اور دو مقامی گائیڈز کو بچایا گیا تھا۔امسال جنوری 12 کو سونہ مرگ میں ایک برفانی تودا گرا آیا تھا اس حادثہ میں ایک نجی کمپنی میگھا انجینئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹڈ کے دو مزدور سندیپ سنگھ اور بالکرشن ہلاک ہوئے تھے۔ ان مزدورں کے لیے اسسٹنٹ لیبر کمشنر گاندربل نے کمپنی سے معاوضہ دینے کے احکامات جاری کئے تھے۔
واضح رہے کہ جموں وکشمیر ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر وقتاً فوقتاً برفانی تودے گرآنے کی وارننگ جاری کرتا ہے۔ اس دوران بالائی علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے احتیاط برتنے کی ہدایت دی جاتی ہے اور انہیں ان علاقوں میں جانے سے احتیاط برتنے کی ہدایت دی جاتی ہے جہاں برفانی تودے گر آنے کے خطرات رہتے ہیں