سرینگر: جموں وکشمیر اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے رینج آفیسر کرہامہ فاریسٹ ڈویژن بانڈی پورہ کو دس ہزار روپیہ کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
اے سی بی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اینٹی کرپشن بیورو میں سائل نے رینج آفیسر کرہامہ بانڈی پورہ مشتاق احمد صوفی کے خلاف تحریری طورپر شکایت درج کی کہ واجب الادا رقم کی واگزاری کی خاطر آفیسر موصوف رشوت کا تقاضہ کررہا ہے۔
شکایت کنندہ نے بتایا کہ وہ ایک ٹھیکیدار ہے اور اس نے تین لاکھ 21ہزار روپیہ کا کام مکمل کیا اور فاریسٹ محکمہ نے پہلے ہی دو بلیں واگزار کیںٹ تاہم آخری بل کی واگزاری کی خاطر رینج آفیسر مشتاق احمد صوفی نے دس ہزار روپیہ کا مطالبہ کیا ۔
اے سی بی نے بتایا کہ شکایت موصول ہوتے ہی اینٹی کرپشن بیورو نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 13/2023کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
ان کے مطابق ڈی ایس پی کی سربراہی میں اے سی بی کی ایک ٹیم نے جال بچھایا جس دوران رینج آفیسر مشتاق احمد صوفی ولد مرحوم اسدللہ صوفی ساکن اونگام بانڈی پورہ کو دس ہزار روپیہ کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچا گیا۔
مزید پڑھیں:
انہوں نے بتایا کہ آزاد گواہوں کی موجودگی میں رینج آفیسر کے قبضے سے رشوت کی رقم برآمد کرکے ضبط کی گئی ۔موصوف ترجمان کے مطابق مذکورہ رینج آفیسر کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے رہائشی مکان کی بھی تلاشی لی گئی۔اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔
(یو این آئی)