شمالی کشمیر میں ضلع بانڈی پورہ کے گنستان علاقے میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے نافذ پابندیوں کے باوجود 200 کے قریب افراد جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی غرض سے جمع ہوئے تھے پولیس اور سول انتظامیہ نے وہاں پہنچ کر لوگوں کو بھیڑ جمع کرنے سے جب روکنے کی کوشش کی تو کئی لوگوں نے پولیس پر پتھراؤ شروع کیا جس کی وجہ سے ایک دو پولیس اہلکاروں کو معمولی چوٹیں بھی آئیں۔
پولیس نے علاقے میں نافذ العمل پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے جن کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ بانڈی پورہ ضلع اس وقت کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہے اور یہاں ہر گزشتہ دن کے ساتھ کووڈ 19 سے متاثرہ کیسز میں بتدریج اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
علاقے کے ذی حس افراد کا ماننا ہے کہ اس وقت جبکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے چلتے جہاں لاک ڈاؤن کو کامیاب بنانے کی اشد ضرورت ہے وہیں اس طرح لوگوں کا نماز جمعہ کے لئے جمع ہونا ایک غیر سنجیدہ و غیر ذمہ دارانہ قدم ہے۔
وہیں ضلع میں سول اور پولیس انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس پر قابو پانے کی غرض سے کوششیں جاری ہیں اور لاک ڈاؤن کو کامیاب بنانے کی غرض سے عوام سے تعاون طلب کیا جا رہا ہے۔