تریپورہ پولیس کا دعویٰ ہے کہ بنگلہ دیش کے 3 افراد نے مویشی چرانے کے لیے بین الاقوامی سرحد کو پار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق ہفتہ کی رات دیر گئے یہ تین افراد گائے چرانے کے لیے ایک گاؤں میں داخل ہوئے۔ ہجوم نے انہیں پکڑ لیا تاہم دو لوگ فرار ہونے میں کامیاب رہے لیکن ایک نوجوان کو ہجوم نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک شدہ شخص کے قبضہ سے بنگلہ دیشی کرنسی اور موبائیل فون ضبط کیا گیا ہے جبکہ ابھی تک اس کی شناخت نہ ہوسکی۔
گاؤں کے لوگوں نے بتایا کہ تین افراد لتن پال کے گھر مویشی چوری کرنے کی کوشش کررہے تھے جبکہ اس دوران لتن پال زخمی بھی ہوئے۔ انہیں فوری طور پر اگرتلہ کے جی بی پنت اسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں وہ زیرعلاج ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رات 2 بجے ہجوم نے ایک مشتبہ چور کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا۔ بعد ازاں پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا اور اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
دہلی:تریپورہ پولیس اپنے ہتھکنڈوں سے ہمیں خاموش نہیں کر سکتی، ایس آئی او
واضح رہے کہ تریپورہ کی سرحدیں بنگلہ دیش سے ملتی ہیں۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ یہاں سے مختلف اشیا اور مویشیوں کی اسمگلنگ بھی کی جاتی ہے۔ ریاست کی 856 کیلومیٹر سرحد بنگلہ دیش سے ملتی ہے۔ ابھی بھی مختلف علاقوں میں باڑ نہیں ہے۔ سرحدی علاقوں میں آج مویشیوں اور دیگر اشیا کی اسمگلنگ ایک مسئلہ بنا ہوا ہے۔