یہ امتحانات 18 مئی سے شروع ہونے تھے لیکن ریاست میں کورونا وائرس کے متاثرین میں اضافے کے پیش نظر اسے ملتوی کر دیا گيا تھا جسے اب منسوخ کر دیا گيا ہے۔
دریں اثناء سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) اور متعدد ریاستی بورڈ پہلے ہی امتحانات منسوخ کر چکے ہیں۔ جس کے بعد ٹی بی ایس ای پر امتحان منسوخ کرنے کا دباؤ ڈالا جارہا تھا۔
ریاستی حکومت نے بورڈ کے امتحانات کے 47 ہزار سے زیادہ امیدواروں کی اسکریننگ کے لئے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں ماہرین تعلیم، اعلی عہدیداروں، صحت کے ماہرین اور ماہرین نفسیات شامل تھے۔
مزید پڑھیں:سی بی ایس ای کا اہم فیصلہ، 10ویں کے امتحانات منسوخ، 12ویں کے ملتوی
کمیٹی نے اس ہفتے کے شروع میں میٹنگ کی تھی اور وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر امتحان نہ لینے پر اپنی رائے ظاہر کی تھی۔
ریاستی وزیر تعلیم رتن لال ناتھ نے کہا کہ اس کے علاوہ تریپورہ حکومت نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے والدین کی رائے اور مشورے بھی لئے ہیں اور 85 فیصد سے زیادہ افراد نے امتحان کے انعقاد کی مخالفت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی بی ایس ای ماہرین کے مشورے سے معیاری طریقہ کار تیار کرے گی اور دونوں امتحانات کے نتائج 31 جولائی تک اعلان کیے جائیں گے۔