اگرتلہ، وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کانگریس اور بائیں محاذ کی حکومتوں پر تریپورہ کو ترقی کے معاملے میں پیچھے دھکیلنے کا الزام لگاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی حکومت نے محض پانچ سال میں ریاست کو تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن کیاہے۔
نریندر مودی ریاست میں 16 فروری کو ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی کی مہم کو تیز کرنے کے لیے ہفتہ کو تریپورہ پہنچے۔ دھلائی ضلع کے امباسہ میں منعقدہ پہلی ریلی میں انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتیں صرف غریبوں کو دھوکہ دینا جانتی ہیں۔ وہ غریبوں کو کبھی فکر سے آزاد نہیں کر سکتے۔ بی جے پی آپ کے خادم کی طرح آپ کی تمام پریشانیوں کو حل کرنے کے لئے دن رات کام کررہی ہے اور آپ کی حقیقی دوست ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عزم سے ثابت ہوتا ہے کہ بی جے پی وہی کرتی ہے جو آپ چاہتے ہیں اور ہم وہی کرتے ہیں جو آپ کی ترجیح ہے، جوآپ کی ضرورت ہے۔ ہم نے اپنے عزم میں نئے اہداف کے ساتھ نئے قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پہلے تریپورہ میں صرف بائیں بازو کی جماعتوں سے جڑے کیڈروں کو ہی سرکاری اسکیموں کا فائدہ حاصل ہورہاتھا، لیکن اب ہر شہری کومل رہا ہے۔
نریندر مودی نے کہا کہ ریاست کے تھانے بھی سی پی آئی (ایم) کارکنوں کے کنٹرول میں تھے، لیکن بی جے پی حکومت نے ریاست میں قانون کی حکمرانی قائم کی۔ اب تریپورہ کی شناخت تشدد اور پسماندگی نہیں ہے۔ پہلے تریپورہ میں صرف ایک پارٹی کو جھنڈا لہرانے کی اجازت تھی لیکن آج بی جے پی حکومت نے تریپورہ کو خوف، دھمکی اور تشدد سے آزاد کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس جلسہ عام میں خوشی اور جوش کے ماحول سے یہ واضح ہے کہ ترقی کا یہ ڈبل انجن کبھی نہیں رکے گا اور ہر کوئی ایک بار پھر 'ڈبل انجن' والی حکومت کا مطالبہ کر رہا ہے۔
بائیں بازو اور کانگریس کے درمیان سیٹوں کے توازن پر مودی نے کہا کہ "کانگریس اور بائیں بازو کے لوگ دھوکہ دہی میں ملوث ہیں، بدانتظامی کے پرانے کھلاڑیوں نے ہاتھ ملا لیا ہے۔ انہیں دیا گیا ہر ووٹ تریپورہ کو پیچھے دھکیل دے گا۔ لہذا آپ کو بس کمل کا بٹن دبانا ہے۔"
مزید پڑھیں:Tripura Assembly Election بی جے پی نے تریپورہ اسمبلی انتخابات کے لیے 48 امیدواروں کا اعلان کیا
یواین آئی