حیدرآباد: حیدرآباد میں ایک کانسٹیبل کی ورزش کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی موت کے واقعہ کے بعد اسی طرح کا ایک اور واقعہ پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں پیش آیا جہاں پر ایک پرائیویٹ ملازم کی بھی ایسے ہی موت ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق اس شخص جس کی شناخت ادونی ٹاون کے رہنے والے 28 سالہ سائی پربھوکے طور پر کی گئی ہے، جم میں ورزش کررہا تھا تاہم اچانک وہ گرپڑا۔ وہ حیدرآباد کی ایک کمپنی میں سافٹ ویئر انجینئر کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا تاہم وہ فی الحال گھر سے ہی کام کررہا تھا۔ ذرائع کے مطابق حال ہی میں اس کی شادی طئے ہوئی تھی۔ وہ ورزش کے لیے ایک جم گیا ہوا تھا۔ جم کے دوران اس نے ورزش کی تاہم تھوڑی دیر بعد ہی اس کو چکر آنے لگی۔ اس نے یہ بات اپنے دوست کو بتائی اور اس کا دوست اس کے لئے پانی لانے گیا تھا کہ یہ شخص بے ہوش ہوکر اچانک نیچے گر پڑا۔اس کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹرز نے اس کو مردہ قرار دیا۔
وہیں تلنگانہ کے ضلع نرمل کے کبھیر گاؤں میں شادی کے استقبالیہ کی تقریب میں رقص کرتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے نیچے گر پڑنے والے نوجوان کی موت ہوگئی۔ اس گاؤں کے رہنے والے کرشنیا کے بیٹے کی شادی کامیل گاؤں میں ہوئی تھی جس کا استقبالیہ تقریب کیا گیا۔ تقریب کے ایک حصہ کے طور پر، دلہن کے قریبی رشتہ دار 19 سالہ نوجوان متیم نے رقص کیا۔ اس رقص کے دوران وہ اچانک نیچے گر گیا۔اس کے ساتھ ہی وہاں موجود افراد نے اس کو اٹھایا اور اسے طبی علاج کے لیے بھینسہ کے ایریا اسپتال لے جایا گیا تاہم ڈاکٹرس نے اس کو معائنہ کے بعد مردہ قراردیا۔ یہ نوجوان مہاراشٹر کے شیوا گاؤں کا رہنے والا ہے۔ اس کی لاش آبائی گاؤں پہنچا دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: Cop Dies Of Cardiac Arrest دل کا دورہ پڑنے سے پولیس اہلکار کی موت
یو این آئی