سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ٹک ٹاک کی ویڈیو نے ایک لاپتہ شخص کو اس کے خاندان سے ملادیا۔ یہ واقعہ اے پی کے ضلع کرنول کے نندیال میں پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق نندیال کے ہریجن پیٹ کا رہنے والا اے پُلیا 6 سال پہلے لاپتہ ہوگیا تھا۔اس کے ارکان خاندان نے اس کو کافی تلاش کیا تاہم اس کا پتہ چلانے میں ناکام رہے اور اس نتیجہ پر پہنچ گئے کہ اس کی موت ہوگئی ہے۔ یہاں تک کہ اس کے ارکان خاندان ہر سال اس کی برسی بھی منا رہے تھے تاہم ٹک ٹاک پر پوسٹ کئے گئے ویڈیو نے اس کو اس کے خاندان سے6 سال بعد ملادیا۔
پُلیا کے بیٹے نرسمہلو نے اپنے باپ کے بارے میں ایک ویڈیو بنائی اور اس کو ٹک ٹاک پر پوسٹ کردیا۔یہ ویڈیو کئی افراد نے دیکھا اور اس کو کافی شیئر بھی کیا گیا۔اس ویڈیو کو گجرات کے گاندھی ڈیم کے قریب رہنے والے پُلیا نے بھی دیکھا۔
اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد اس نے اپنے خاندان سے رابطہ کیا اور بتایا کہ وہ کہاں ہے۔
اس بات کی اطلاع ملتے ہی اس کا بیٹا اور دیگر اراکین خاندان گجرات چلے گئے تاکہ اس کو واپس لایاجاسکے۔اسی دوران پولیس نے کہا کہ اس شخص کے لاپتہ ہونے کے سلسلہ میں کوئی بھی معاملہ درج نہیں کیا گیا ہے۔وہ ارکان خاندان سے اختلافات کے بعد گھر سے چلاگیا تھا۔