کڈپا: آندھرا پردیش میں انامایا ضلع کے پلمپیٹ گاؤں میں ایک آئل ٹینکر اور بس کے تصادم میں چھ افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ حادثے کے وقت اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (اے پی ایس آر ٹی سی) کی بس کڈپا سے تروپتی جا رہی تھی۔ اسی دوران ایک موڑ پر تیز رفتار آئل ٹینکر بس سے ٹکرا گیا جس میں بس کے چھ مسافر موقع پر ہی فوت ہوگئے۔
مرنے والوں میں سے تین کی شناخت اوبولاوری پلی گاؤں کے رہنے والے گنڈالا سری نواسولو (62)، راجمپیٹ منڈل کے وینکٹ راجم پیٹ کے رہنے والے شیکھر (45) اور کڈپا شہر کے رہائشی باشا (65) کے طور پر کی گئی ہے۔ بس کے آٹھ زخمی مسافروں کو راجامپیٹ کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ متاثرین نے میڈیا کو بتایا کہ حادثہ تیل ٹینکر ڈرائیورکی لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔
مزید پڑھیں: Gujarat Accident گجرات میں خوفناک سڑک حادثہ، پولس اہلکاروں سمیت 9 لوگوں کی موت
ریاست کے وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اس خوفناک سڑک حادثے پر رنج و غم کو اظہار کیا۔ انہوں نے حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کو 10-10 لاکھ، شدید طور سے زخمی افراد کو 2-2 لاکھ اور معمولی زخمی ہونے والوں کو 50-50 ہزار کا معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو زخمیوں نے علاج و معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ وہیں سابق وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔