یہ واقعہ آندھرا پردیش کے ضلع چتور کے وڈی کندریگا گاوں میں پیش آیا ہے۔ اگرچہ کہ یہ معاملہ 15مئی کو ہوا تاہم جمعرات کو یہ معاملہ منظر عام پر آیا کیونکہ پولیس نے مقامی افراد کی شکایت پر ایک معاملہ درج کرلیا۔
پولیس نے کہا کہ شیشداری اور اس کی بیوی سُبما نے اپنی رشتہ دار58سالہ آرسروجماں کی بلی دینے کا فیصلہ کیا جو سماعت اور قوت گویائی سے محروم ہے۔ ان دونوں نے اس ضعیف خاتون کوپوجا کے بہانے کچھ رقم کا لالچ دیا۔ 15 مئی کو یہ جوڑا،ضعیف خاتون اور بعض دیگر افراد کے ساتھ الگ تھلگ مقام پر گیا جہاں انہوں نے پوجا کی تاہم اس مقام پر تیز دھار ہتھیار کو دیکھنے کے بعد ضعیف خاتون نے خطرہ محسوس کیا اور وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی۔اس نے اپنے بیٹے اور دیگر افراد کو اس واقعہ سے واقف کروایا۔
مقامی افراد نے اس خاتون کے اراکین خاندان کو رقم دیتے ہوئے اس معاملہ کو ختم کرنے کی کوشش کی تاہم ضعیف خاتون کے بیٹے اور دیگر نے پولیس سے اس تعلق سے شکایت کی۔ پولیس نے ایک معاملہ درج کرکے بعض افراد کو حراست میں لے لیا۔