آندھراپردیش کے دارالحکومت امراوتی کی منتقلی پر مایوس ایک اور کسان کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔ تازہ طور پر ضلع گُنٹُور کے منگل گِری سے تعلق رکھنے والے کسان وینکٹیشور راو کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔
وینکٹیشور راو اس معاملے پر کافی مایوس تھا اور اس نے دارالحکومت منتقلی کے حکومتی اقدام کے خلاف کئے گئے احتجاج میں حصہ بھی لیا تھا۔ آج صبح اس کی موت ہوگئی۔ کسان کی موت کی اطلاع پر تلگودیشم پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری وسابق وزیر نارالوکیش نے مرحوم کے گھر پہنچ کر اس کا آخری دیدار کیا اور اس کے غمزدہ ارکان خاندان کو دلاسہ دیا۔ انہوں نے اس موقع پر دارالحکومت کی منتقلی کے مسئلہ پر حکومت کی ہٹ دھرمی پر نکتہ چینی کی۔