پہلے مرحلہ میں آندھراپردیش میں انتخابات کے اختتام کے بعد وزیراعلی و تلگودیشم کے قومی صدر این چندرابابو نائیڈو ملک میں عظیم اتحاد میں شامل جماعتوں کی حمایت میں مہم چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
سابق وزیراعظم دیوے گوڑا نے نائیڈو سے خواہش کی تھی کہ وہ کرناٹک میں عام انتخابات کے موقع پر جنتادل ایس کی حمایت میں مہم چلائیں۔
قبل ازیں آندھراپردیش میں تلگودیشم کی حمایت میں قومی لیڈران فاروق عبداللہ، ممتابنرجی، اروند کیجروال، دیوے گوڑا نے حصہ لیا تھا۔
چندرا بابو نائیڈو، ’جمہوریت بچاو، ملک بچاو’ کے نعرے کے ساتھ بی جے پی کے خلاف مہم چلارہے ہیں۔ وہ دعوی کر رہے ہیں کہ مودی کی قیادت میں ملک کا تمام نظام مفلوج ہوگیا اور یہ نظام صرف بی جے پی کے لیے ہی کام کر رہا ہے۔
چندرا بابو نائیڈو نے کہاکہ وہ ملک بھر میں بی جے پی کے خلاف چھ مرحلوں میں ہونے والے انتخابات کے سلسلہ میں مہم چلائیں گے اور ملک کو یہ بتائیں گے کہ کس طرح مرکزی حکومت نے الیکشن کمیشن کے دفتر کا غلط استعمال کیا ہے۔
آندھراپردیش کے وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ وہ مودی کو بے نقاب کریں گے کیونکہ مرکزی حکومت نے انتخابات کے دوران آندھراپردیش میں تلگودیشم کے لیڈران کو خوفزدہ کرنے کے لیے انکم ٹیکس، ای ڈی، انٹلی جنس بیورو اور دیگر مرکزی ایجنسیوں کا استعمال کیا ہے۔