خاندانی جھگڑوں میں ایک شخص نے اپنی بیوی، ساس اور سسر پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کر کے شدید طور پر زخمی کر دیا۔ حملہ اس وقت ہوا جب اہل خانہ سور ہے تھے کہ اس نے بڑی ہی بے دردی کے ساتھ ایک کے بعد دیگرے پر حملہ کیا۔
مقامی افراد نے بتایا کہ حملہ آور وینکٹ راواپنی بیوی کے ساتھ اپنے سسر راماکرشنا کے مکان میں مقیم تھا اور اس خاندان میں کچھ عرصہ سے جھگڑے چل رہے تھے ۔گزشتہ رات وینکٹ راو نے تیز دھار ہتھیار سے اپنی بیوی، ساس اور سسر پر حملہ کرتے ہوئے ان کو شدید طور پر زخمی کردیا۔
زخمی حالت میں راما کرشنا چیخ وپکار کرتے ہوئے گھر سے باہر نکلا۔ اس کی چیخ و پکار کی آوازیں سن کر پڑوسی نیند سے بیدار ہوگئے جنہوں نے زخمیوں کو علاج کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا ۔
اس حملے میں شدید زخمی بیوی انیتا کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ساس منگماں کوما میں چلی گئی ۔
اطلاع ملتے ہی پولیس مقام واردات پہنچی جس نے شواہد جمع کئے اور اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرلیا۔اس واردات کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔زخمی سسر نے اسپتال میں پولیس کو بیان دیا کہ اس کے حملہ آور داماد کے ساتھ مزید د و افراد بھی اس واردات میں شامل تھے۔