اننت ناگ: موسم سرما کے دوران جموں وکشمیر کے بالائی وشمالی علاقوں میں رہائش یافتہ افراد کو سخت ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایک جانب جہاں کشمیر میں برف باری کے خوبصورت نظارے دلوں کو چھو لیتے ہیں تو دوسری جانب اس برف باری اور سردی کے موسم کا ایک اور پہلو ہے جو یہاں کے لوگوں کے لیے مشکلات پیدا کرتا ہے۔ اس کی تازہ مثال ویری ناگ کے تراجن ہالسی ڈار میں اس وقت دیکھنے کو ملی جب یہاں کے لوگوں کو برف باری کے بیچ ڈار پورہ میں نصب بجلی ٹرانسفارمر کو ڈورو کے بجلی ورکشاپ تک پہنچانے میں کافی تکالیف اٹھانی پڑی۔ لوگوں نے الزام لگایا کہ حالیہ برف باری کے بعد علاقے کو جانے والی رابطہ سڑک سے پی ایم جی ایس وائی محکمہ برف ہٹانے میں پوری طرح سے ناکام ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں:
یہی وجہ ہے کہ علاقے کا سڑک رابطہ ان دنوں اکثر و بیشتر منقطع رہا۔ جب کہ علاقے کو بجلی کی قلت بھی درپیش ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگوں کو پیدل ہی ایک لمبی مسافت طے کر کے بجلی ٹرانسفارمر ورکشاپ تک پہنچانا پڑا۔ لوگوں نے اس حوالے سے ڈی سی اننت ناگ سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس سڑک سے فی الفور برف ہٹائی جائے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک رابطہ بحال نہ ہونے کی وجہ سے نہ صرف عام لوگوں بلکہ بیماروں، عمر رسیدہ افراد اور بچوں کو شدید مشکلات اٹھانی پڑتی ہیں۔ جب کہ حکام ہمیشہ یہ دعویٰ کرتے آئے ہیں کہ تمام رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جو کہ درست نہیں ہے۔