مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے جنوبی ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکرناگ کے وائلو علاقے میں فوج کو ایک مخصوص اطلاع موصول ہوئی تھی کہ وائلو کے شیخ پورہ علاقے میں عسکریت پسند چھپے ہوئے ہیں، جس کے بعد فوج اور نیم فوجی دستوں نے مذکورہ علاقے کا محاصرہ شروع کیا، جبکہ فوج نے چھپے ہوئے عسکریت پسندوں کی تلاشی بڑے پیمانے پر شروع کردی، تلاشی کارروائی کے دوران چھپے ہوئے عسکریت پسندوں نے فوج پر گولیاں چلائی، حالانکہ فوج کی جانب سے عسکریت پسندوں کو ہتھیار ڈالنے کی پیشکش کی گئی تھی، جس کو عسکریت پسندوں نے ٹھکرا دیا، جس کے بعد گولیوں کا تبادلہ دونوں اطراف سے شروع ہوگیا تھا۔
وائرل ویڑیو میں صاف طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک عسکریت پسند بندوق لے کر مشتبہ مکان سے باہر آنے کی کوشش کر رہا تھا، جس دوران فوج عسکریت پسند پر گولیاں چلا رہی ہے۔
واضح رہے کہ تصادم آرائی میں تین عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا تھا، جن کی شناخت الیاس احمد ڈار عرف سمیر ساکن دنوٹھ پورہ کوکرناگ، عبید شفیع عمر عبداللہ ساکن بٹہ مالو سرینگر اور عاقب احمد عرف ساحل ساکن کھانڈے پورہ کولگام کے طور پر ہوئی ہے۔