اننت ناگ: ضلع اننت ناگ کے پوش کریری علاقہ میں حضرت بابا لطیف الدین غازیؒ کا سالہ عرس بڑے عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا۔عرس کے دوران درگاہ پر روایتی زول کا اہتمام کیا گیا۔عرس میں مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔مقامی بزرگ مرد و خواتین سمیت بچوں نے روایتی زول جلا کر بابا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ مقامی بزرگوں کے مطابق حضرت بابا لطیف الدین غازی (رح) ایک با کمال اور خدا پرست بزرگ تھے۔انہوں نے شیخ العالم شیخ نورالدین نورانی ؒ سے صحبت پائی اور دنیائی لذت کو چھوڑ کر یاد خدا وندی میں مشغول ہوگئے۔
مانا جا رہا ہے کہ حضرت بابا لطیف الدین غازی ؒ آگ جلا کر لوگوں کو اکٹھا کرکے انہیں دین اسلام کی جانب راغب کر رہے تھے، ان کی وفات کے بعد مقامی لوگوں نے آگ جلانے کی روایت کو زندہ رکھا جسے مقامی طور " زول" کہا جاتا ہے۔عرس کے روز ہر برس مقامی لوگ اپنے گھروں سے لکڑیاں لا کر اجتماعی طور درگاہ کے سامنے جلاتے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ مشعل اور شمع جلا کر درگاہ کے اطراف کو چراغاں بھی کیا جاتا ہے۔ وہیں درگاہ کے صحن میں ایک وسیع چنار موجود ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اس چنار کو اولیاء کرام سخی زین الدین ولیؒ نے بویا ہے اور چنار کے نیچے کئی خلفاء نے نماز ادا کی ہے۔ مقامی لوگ خاص کر خواتین اس چنار کے پاس اپنے من کی مراد پانے کے لئے منتیں مانگتے ہیں۔
مقامی لوگ عرس کے موقعہ پر نہ صرف زول بلکہ دعائیہ مجلس ختمات المعظمات اور درود و ازکار کی مجلس کا اہتمام کرتے ہیں اور بارگاہ الہی میں خاص دعائیں بھی کی جاتی ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ عرس میں نہ صرف مسلمان بلکہ سکھ اور کشمیری پنڈت بھی شرکت کیا کرتے تھے،جس دوران عرس میں کافی رونق ہوا کرتی تھی،یہی وجہ یے کہ وادی چھوڑنے کے بعد خاص کر ایسے دنوں کے موقعوں پر وہ کشمیری پنڈتوں کی غیر حاضری کافی محسوس کرتے ہیں اور وہ آج بھی ان کے گھر واپسی کے منتظر ہیں۔
مزید پڑھیں:Ajmer Sharif Urs عرس کے موقع پر عقیدتمندوں کی بڑی تعداد نے اجمیر شریف درگاہ پر حاضری دی