سرینگر: یونین پبلک سروس کمیشن کے سال 2022 میں لئے گئے سول سروسز امتحان کے منگل کے روز جاری کئے گئے نتائج میں جنوبی کشمیر کے اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے 7 ویں رینک حاصل کی ہے۔اس سول سروسز امتحان میں جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ سے تعلق رکھنے والی ایک امیدوار نے 11 ویں رینک حاصل کی ہے۔
بتادیں کہ اس امتحان میں جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے کل 7 امیدواروں نے کامیابی کا جھنڈا گاڑا۔جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ڈورو سے تعلق رکھنے والے وسیم احمد بٹ نے اس امتحان میں 7 ویں رینک حاصل کی ہے۔24 سالہ وسیم احمد نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سرینگر سے سول انجینئیرنگ میں بی ٹیک کیا ہے۔ انہوں نے سال 2021 میں اس یو پی ایس سی امتحان میں 225 ویں رینک حاصل کی تھی۔
وہیں جموں و کشمیر کے پونچھ سے تعلق رکھنے والی پرسن جیت کور نے اس امتحان میں 11 ویں رینک حاصل کی ہے۔سول سروسز امتحان میں جموں وکشمیر کے جن امیدواروں نے کامیابی کا جھبڈا گاڑا ہے ان میں وسیم احمد بٹ، پرسن جیت کر، نتن سنگھ، نوید احسان بٹ،منان احمد بٹ، عرفان چودھری اور نرواناہو ہنس شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: UPSC 2022 Exam Results سول سروس امتحان کے نتائج جاری، پہلی چار پوزیشن پر لڑکیوں کا قبضہ
قابل ذکر ہے کہ اس امتحان میں بھی لڑکیوں نے بازی مار کر پہلی تین پوزیشنوں پر قبضہ جمایا ہے۔یو پی ایس سی کے اس امتحان کا پری لمنری 5 جون 2022 کو لیا گیا تھا جس کے نتائج کا اعلان جون میں ہی کیا گیا تھا۔ اس کے مین امتحان ستمبر 16 سے ستمبر 22 تک لئے گئے تھے، جن کے نتائج کا اعلان 6 دسمبر کو کیا گیا تھا اور پھر اس کا ویوا (زبانی ٹیسٹ) سال رواں کے 18 مئی کو لیا گیا تھا۔ ادھر نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی اننت ناگ اور پونچھ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور دونوں کامیاب امیداروں کے گھروں پر لوگوں کا مبارک بادی دینے کے لئے تانتا بندھ گیا ہے۔
(یو این آئی)