جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں جواہر ٹنل کے پاس دن بھر مسلسل بارش ہوتی رہی۔ اس دوران جواہر ٹنل تک گذشتہ دو روز سے درمانده مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیورز نے طرح طرح کی مشکلات درپیش آنے کی شکایت کی ہے۔
درماندہ ڈرائیورز نے کہا کہ قومی شاہراہ پر اکثر اوقات بڑی گاڑیوں کو آگے جانے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے۔ جس کی وجہ سے وقت پر بیرونی ریاستوں کی منڈیوں میں مال نہیں پہنچ پاتا ہے۔ خاص کر کشمیری سیب جو کئی بار گاڑیوں میں ہی خراب ہوجاتا ہے۔
ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ موسم خراب ہونے کی وجہ سے انہیں کشمیر سے جموں پہنچنے میں کئی کئی دن لگ جاتے ہیں۔ جبکہ شاہراہ کی خستہ حالی سے ان کے مشکلات میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔
ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی بد نظمی کی وجہ سے ان کی گاڑیوں میں لدا میوه و دیگر سامان بھی خراب ہوتا ہے۔
ڈرائیورز نے مطالبہ کیا ہے کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ جموں و کشمیر کی شہ رگ کہلانے والے راستے قومی شاہراہ 44 پر فور لینیگ کے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ تاکہ بارش یا برف کے اوقات میں قومی شاہراہ کو ٹریفک کی آمد رفت کے لیے بند نہ کرنا پڑے۔