اننت ناگ: وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر- جموں قومی شاہراہ پر چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے شاہراہ کو ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند کر دیا گیا۔ ٹریفک ذرائع نے بتایا کہ رامبن سیکٹر میں پنتھیال میں چٹانیں کھسکنے کی وجہ سے شاہارہ پر ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی۔ حکام نے کشمیر میں تازہ برفباری اور رامبن پنتھیال کے قریب پسیاں گر آنے کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ کو احتیاطی طور پر ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا۔
ٹریفک حکام کی جانب سے نو یوُگا ٹنل قاضی گنڈ کے قریب ٹریفک کو روک دیا گیا،جہاں سے آگے ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے ،جس کی وجہ سے مذکورہ مقام پر شدید ٹریفک جام ہوا ہے اور سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں درماندہ ہو گئیں ہیں۔ دراصل محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق آج دوپہر سے وادی کے بالائی علاقوں میں بھاری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی برفباری وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر رامبن بانہال کے متصل علاقوں میں شدید بارشیں اور برفباری ہوئی، جس کے بعد پنتھیال کے مقام پر پسیاں گر آئیں،جس کی وجہ سے قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدو رفت میں خلل پڑا۔
متعلقہ حکام کی جانب سے سڑک کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔مشینریز کو عملہ سمیت کام پر لگا دیا گیااور شاہراہ کو قابل آمدو رفت بنانے کے لئے کوششیں کی جاری ہیں ۔