پہلگام: جنوبی کشمیر کے پہلگام علاقہ کی تارسر مارسر جھیل میں ڈوبنے سے گائیڈ شکیل احمد کی موت ہوگئی جن کی لاش برآمد کی گئی ہے جبکہ مہیش کی تلاش ہنوز جاری ہے۔ اس کے علاوہ دیگر 11 لوگوں کو ریسکیو کیا گیا ہے۔ شکیل احمد ساکن گگن گیر گاندربل کی لاش فی الحال برآمد کر لی گئی ہے اور اتراکھنڈ کے ڈاکٹر مہیش نامی سیاح کی تلاش ابھی جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق 2 مقامی ٹورسٹ گائیڈ اور 11 سیاحوں پر مشتمل ایک گروپ تارسر مارسر کے نزدیک ٹریکنگ کے دوران خراب موسم کی وجہ سے پھنس گیا تھا۔ ایسا بتایا جا رہا ہے کہ شکیل نے ڈاکٹر مہیش کی جان بچانے کی غرض سے اپنی جان جوکھم میں ڈال دی۔ جس کے بعد ٹورسٹ گائیڈ شکیل بھی خود جھیل میں ڈوب گئے۔
شکیل کی اس قربانی پر نہ صرف سیاحتی صنعت سے وابستہ افراد کی سراہنا ہو رہی ہے بلکہ مقامی لوگوں کا بھی کہنا ہے کہ شکیل کی اس قربانی سے پھر ایک بار فخر سے سر اونچا ہوا ہے۔ واضح رہے کہ سنہ 2019 میں رؤف ڈار نامی ایک رافٹر نے رافٹنگ بوٹ پلٹنے کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: Tourists Missing in Pahalgam: تارسر سے گیارہ افراد ریسکیو، دو افراد اب بھی لاپتہ