ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ علاقہ میں کئی دکانداروں نے سرکاری حکمنامہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی دکانیں کھولی تھیں تاکہ آنے والی عید کے پیش نظر اُن کے مال کی جلد سے جلد خریداری ممکن ہو سکے۔
تاہم ایس ڈی ایم کوکرناگ اویس احمد نے تقریباً 23 دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کی دکانوں کو موقعہ پر ہی سربمہر کردیا ہے ۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے ایس ڈی ایم نے کہا کہ ''کوکرناگ کے ساگم ، ہانگل گنڈ علاقوں میں دکانداروں نے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی دکانیں سجا کر رکھی تھیں۔ تاہم انتظامیہ نے پولیس کے اشتراک سے فوری کاروائی عمل میں لا کر مذکورہ دکانوں کو سیل کیا۔ وہیں لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے والے غیر ضروری سفر پر نکلنے والے متعدد افراد کی گاڑیاں ضبط کی گئیں جن میں نجی و کمرشل گاڑیوں سمیت موٹر سائیکل شامل ہیں۔''
ایس ڈی ایم کے مطابق سرکاری حکمنامے کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔
انہوں نے لوگوں سے حکمنامے کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ کو بھرپور تعاون فراہم کرنے کی تلقین کی۔