مسلسل بارشوں اور تازہ برف باری کے بعد وادی کشمیر کو ملک کی دیگر ریاستوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر -جموں قومی شاہراہ کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
سرینگر -جموں قومی شاہراہ کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے بند کیے جانے کے سبب جواہر ٹنل کے دونوں طرف سینکڑوں مسافر و مال بردار گاڑیاں درماندہ ہو گئی ہیں۔
درماندہ مسافروں کا کہنا ہے کہ انہیں سخت سردی اور راشن کی قلت کے سبب شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
درماندہ مسافروں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ حکام نے شاہراہ پر مختلف مقامات پر کنٹرول رومز اور ڈیزاسٹر سینٹر قائم کے ہیں تاہم انکے مطابق ان سب سے درماندہ مسافروں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا ہے۔
مزید پڑھیں: شوپیاں: برفباری کے سبب میوہ باغات کو نقصان
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایک غیر مقامی ڈرائیور نے کہا کہ وہ کئی برسوں سے سرینگر -جموں قومی شاہراہ پر سفر کر رہے ہیں، انکے مطابق حکام نے شاہراہ کو بہتر بنانے یا خراب موسمی صورتحال کے دوران درماندہ مسافرین کی سہولیات کے لیے زمینی سطح پر ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے۔
ادھر ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ شاہراہ کو بحال کرنے کی کوششیں کی جاری ہیں، تاہم مسافروں کو فی الحال قومی شاہراہ پر سفر نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔