پیر پنچال کی اونچی چوٹیوں کے بطن میں واقع برف کی سفید چادر سے ڈھکا پرُ کشش اور قدرتی مناظر سے بھر پور سنتھن ٹاپ دنیا کا منفرد سیاحتی مقام ہے۔
سنتھن ٹاپ کے ارد گرد پہرے دار برفیلے اور سر سبز پہاڑیاں جنت کے ٹکڑے پر وارد ہونے کا احساس دلاتی ہے۔یہ ایک ایسی جگہ ہے جو گرمیوں کے موسم میں سردی کا احساس دلاتی ہے، یہاں کی ٹھنڈی ہوائیں روحوں کو ترو تازہ کرتی ہیں۔ چپے چپے پر آبشار، پگھلتے گلیشیرز سے نکلتا ہوا صاف و شفاف ٹھنڈا پانی اونچی چوٹیوں پر موجود سفید برف پر آفتاب کی ٹکراتی کرنیں گویا سفید موتی بکھیرے رہی ہو۔
سنتھن ٹاپ ضلع اننت ناگ کے سب ضلع کوکرناگ کے وادئے برنگ میں واقع ہے، سطح سمندر سے12797فُٹ کی بلندی پر واقع سنتھن ٹاپ پیر پنچال کی پہاڑیوں کے چوٹیوں پر موجود ہے. اس مقام پر کشمیر خطہ کی حد ختم ہو جاتی ہے اور صوبہ جموں کی شروعات ہوجاتی ہے۔ اس کا کچھ حصہ جموں صوبہ کے ضلع کشتواڑ کے حدود میں آتا ہے۔
یہاں سے جموں خطہ کو اننت ناگ کشمیرکے ساتھ جوڑنے والی متبادل سڑک گزرتی ہے، جسے کشتواڑ سنتھن روڈ کہا جاتا ہے, یہ سڑک ضلع اننت ناگ کو کشتواڑ سے ملاتی ہے
کشتواڑ۔سنتھن روڈ گرمائی دارالحکومت سرینگرکے ساتھ رابطے کے لیے سب سے چھوٹاراستہ ہے، تاہم پہاڑی راستہ ہونے کے سبب بھاری برفباری کے بعد یہ سڑک سال میں صرف چند ماہ ہی کھلی رہتی ہے۔ آج کے موسم میں بھی یہاں کے اوپری حصہ پر 4 سے 10 فُٹ برف جمع ہے جسے چیر کر کشتواڑ کی اور راستہ بحال کیا گیا ہے۔
سنتھن ٹاپ ہر لحاظ سے کافی پُر کشش اور لطف اندوز ہے، یہی وجہ ہے کہ اس کے قدرتی حسن وجمال کو دیکھ کر ہر کوئی اس کا دیوانہ بن جاتا ہے۔