سرینگر: اسٹیٹ انوسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے منگل کے روز جنوبی کشمیر میں دس مقامات پر چھاپے ڈالے۔معلوم ہوا ہے کہ اننت ناگ میں پانچ ، کولگام میں ایک اور شوپیاں میں چار مقامات پر چھاپہ ماری کے دوران مکینوں سے پوچھ تاچھ بھی کی گئی۔یہ چھاپے بینک اے ٹی ایم گارڈ سنجے شرما ہلاکت کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں مارے گئے۔
ایس آئی اے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ منگل کے روز اسٹیٹ انوسٹی گیشن ایجنسی(ایس آئی اے) نے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ، کولگام اور شوپیاں میں دس مقامات پر چھاپہ مارے۔ انہوں نے کہا کہ لشکر طیبہ کے تین سرگرم جنگجووں دانش حامد ٹھوکر عرف خالد ، عبید پڈر ساکنان چکورہ شوپیاں اور ابرار فاروق وانی ساک ہف شرمال کے مکانوں کو بھی کھنگالا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ چھاپے اے ٹی ایم گارڈ سنجے شرما ہلاکت کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں مارے گئے اور اس ضمن میں پہلے ہی ایف آئی آر زیر نمبر 14کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: SIA Raids in Kashmir جنوبی کشمیر کے مختلف مقامات پر ایس آئی اے کے چھاپے
موصوف ترجمان نے بتایا کہ عدالت مجاز کی جانب سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد ہی چھاپے مارے گئے جس دوران ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ چھاپہ ماری کے دوران کئی افراد سے پوچھ تاچھ بھی کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ سنجے شرما ہلاکت کیس کے سلسلے میں یہ تیسری بڑی چھاپہ ماری تھی جس دوران متعدد رہائشی مکانوں کی تلاشی لی گئی ۔
(یو این آئی)