اننت ناگ (جموں کشمیر) : حفاظتی اہلکاروں کو ذرائع سے ایک مخصوص اطلاع موصول ہوئی کہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں وتناڑ، کوکرناگ علاقے میں عسکریت پسند چھپے ہوئے ہیں، جس کے بعد پولیس، فوج اور نیم فوجی دستوں نے وتناڑ علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔ حفاظتی اہلکاروں نے گھر گھر تلاشی مہم شروع کی، اس دوران علاقے کی طرف جانے والے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو خار دار تار سے سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں داخل ہونے والے افراد سے بھی پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مذکورہ علاقے میں عسکریت پسندوں کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے۔
علاقے میں عسکریت پسندوں اور حفاظتی اہلکاروں کے مابین کسی بھی کنٹیکٹ کی کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم چھپے عسکریت پسندوں کو ڈھونڈ نکالنے کے لیے تلاشی کارروائی جاری ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ہی وتناڑ کے نزدیکی علاقہ گڈول، کوکرناگ علاقہ میں ایک تصادم پیش آیا تھا تقریباً ایک ہفتے تک جاری رہا۔ اس تصادم میں دو فوجی افسران، جموں کشمیر پولیس کا ڈی وائی ایس پی سمیت چار افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ تصادم آرائی میں دو عسکریت پسندوں کو بھی ہلاک کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: CASO in Rajouri راجوری میں دو ہفتوں میں سو سرچ آپریشن
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران عسکریت پسندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں انجام دی گئیں اور تصام آرائیوں کے دوران درجنوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ بعض عسکریت پسندوں سے عسکری معاونین کو بھی ہتھیار سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس سربراہ سمیت فوجی افسران کی جانب سے بار بار یہ بات واضح کی جا رہی ہے کہ جموں و کشمیر خاص کر وادی میں عسکریت پسندی آخری سانسیں لے رہی ہے۔