اننت ناگ (جموں کشمیر) : جنوبی کشمیر کے سب ضلع کوکرناگ میں محکمہ تعمیرات عامہ اور دیہی ترقی محکمہ کی زیر نگرانی مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کی غرض سے سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) کوکرناگ، سہیل احمد لون نے محکمہ کے دیگر افسران کے ہمراہ کوکرناگ کے لارنو علاقے میں کھیل کے میدان کا جائزہ لیا۔ ایس ڈی ایم نے علاقے میں تعمیراتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے علاوہ عوامی وفود سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے لوگوں کو درپیش آنے والے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔
اس موقع پر ایس ڈی ایم کوکرناگ نے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا، جس میں متی ہندو میں سڑک کی تعمیر اور گورنمنٹ ڈگری کالج لارنو سر فہرست ہیں۔ اس دوران رابطہ سڑک کی تعمیر میں آر اینڈ بی کو درپیش رکاوٹوں کو موقع پر ہی حل کیا گیا تاکہ پیش رفت کو تیز کیا جا سکے۔ مقامی لوگوں نے تعمیراتی کام کی تکمیل میں سب ڈویژن انتظامیہ کی کاوشوں کو کافی سراہا۔ وہیں ایگزیکیو ایجنسی اور انجینئرنگ ٹیم کو مشورہ دیا گیا کہ وہ اگست 2024 کی مقررہ مدت کے اندر جی ڈی سی لارنو کی تعمیر کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔
مزید پڑھیں: Football Match In Kokernag کوکرناگ لانو میں سی آرپی ایف نے فٹبال میچ کا انعقاد کیا
اس دوران ایس ڈی ایم کوکرناگ، دیگر افسران کے ہمراہ دئسو لارنو میں تعمیر کیے گئے کھیل کے میدان کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سہیل احمد نے کہا کہ مذکورہ علاقے میں کھیل کود جیسی سرگرمی کے لئے یہاں کے نوجوانوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، تاہم محکمہ دیہی ترقی کے تعاون سے علاقے میں کھیل کے بنیادی ڈھانچے کو حتمی شکل دی گئی جس سے یہاں کے نوجوانوں میں کافی جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ ایس ڈی ایم نے کہا کہ انتظامیہ کا مقصد ہی یہی ہے کہ یہاں کا نوجوان پڑھائی لکھائے کے ساتھ ساتھ کھیل کود کی سرگرمیوں کے ساتھ بھی راغب ہو سکے۔ اس موقع پر انہوں نے نوجوانوں کو یقین دہانی کرائی کہ اسٹیڈیم میں جو باقی رکا پڑا تعمیراتی کام ہے اسے آنے والے وقت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔