اننت ناگ (جموں و کشمیر) : ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ سید فخرالدین حمید نے شری اَمرناتھ یاترا 2023 کے احسن اور کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے یاترا سے متعلق مختلف سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے تمام لائن محکموں کے اَفسران اور مختلف شراکت داروں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی۔ میٹنگ میں شامل خیمہ والوں، گھوڑے بان، پالکی والوں، مزدوروں اور دیگر خدمات فراہم کرنے والوں نے اپنے تعاون اور حمایت کا یقین دلایا جب کہ یاتریوں کو پیش کی جانے والی خدمات کے معیار کو مزید بڑھانے کے طریقے بھی تجویز کیے۔
ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ نے میٹنگ کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے یاترا کی مذہبی اہمیت اور مثالی مہمان نوازی کے لئے بالعموم کشمیر یوں اور اننت ناگ کے لوگوں کو بالخصوص اپنی خدمات کو برقرار رکھنے کے جذبہ پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یاتریوں کو بہترین ممکنہ خدمات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی نے مہنگائی، اُوور چارجنگ جیسی بد دیانتی کو روکنے کے لئے یاتریوں کو سروس فراہم کرنے والوں کے لئے مقرر کردہ نرخ پر عمل کرنے کی بھی ہدایت دی ۔
اُنہوں نے ہر ٹرانزٹ اور ہالٹنگ اسٹیشن پر یاتریوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جس میں پینے کے پانی، بیت الخلاء کی سہولیات، صفائی ستھرائی، خیموں میں مناسب بستر، خیموں کے اَندر اور اِرد گرد صفائی اور یاترا کے راستے میں اَچھے معیار کے واٹر پروف خیمے شامل ہیں۔ اُنہوں نے یاترا کے دوران اَفسران اور سروس فراہم کرنے والوں کے درمیان تعاون اورتال میل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
مزید پڑھیں: Amarnath Yatra 2023 امرناتھ یاتریوں کے لیے مفت رجسٹریشن کا مطالبہ
ڈی سی نے اَفسران سے کہا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے اَپنی پوری کوشش کریں کہ یاترا کے سبھی روایتی پروگرام کو آسانی سے مؤثر طریقے سے اَنجام دیا جائے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِنتظامیہ یاترا کے احسن اِنعقاد کے لئے پوری طرح تیار ہے اور اِس سلسلے میں ہر اقدام اُٹھایا جا رہا ہے۔ میٹنگ میں اے ڈی سی، ایس پی، سی ای او پی ڈی اے، سی اے ایچ او، ڈی ایف او ایس ڈی ایم پہلگام، اے سی آر اننت ناگ، اے سی ایل، اے آرٹی او، اے ڈی فوڈ اور سروس فراہم کرنے والوں کے علاوہ لائن ڈیپارٹمنٹ کے دیگر اَفسران نے شرکت کی۔