جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں واقع بجبہاڑہ میں عید الاضحی کے سلسلے میں 28، 29 اور 30 جولائی کو اشیائے ضروریہ بیچنے والی دکانیں کھلی رہیں گی۔ ان دکانوں کو کورونا پھیلاﺅ کو روکنے کے لئے ہر احتیاطی تدبیر کرنی ہوگی۔
اشیاء ضروری بیچنے والی دکانوں کو صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک کھلا رہنے کی اجازت ہوگی جبکہ غیر ضروری چیزوں کا کاروبار کرنے والے سبھی تجارتی مراکز اور دوکان اگلے احکامات تک بند رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: قربانی کے جانوروں پر لاک ڈاؤن کا اثر
انتظامیہ کے مطابق کورونا کے پیش نظر لوگوں کو ماسک کا استعمال کرنا چاہئے۔ اس سلسلے میں انتظامیہ نے کئی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو احتیاطی تدابیر پر عمل کو یقینی بنائیں گی۔ اس سلسلے میں دکانداروں اور خریداروں پر قریبی نظر رکھی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ لوگوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اس وبا کی روک تھام کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کیا جائے۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ وادی کشمیر میں عیدا الاضحیٰ کے پیش نظر لاک ڈاﺅن میں تین روزہ نرمی ہوگی، نرمی کرنے کا فیصلہ متعلقہ ضلع مجسٹریٹ صورتحال کو دیکھ کر لے سکتے ہیں۔