مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات کے پیش نظر جہاں مختلف پارٹیاں عوام کو اپنی طرف مائل کرنے کے لئے مختلف طور طریقے آزما رہیں ہیں، وہیں دچھنی پورہ علاقہ میں ڈی ڈی سی کی سیٹ کے لئے امیدواروں کی سرگرمیاں کافی تیزی ہو گئی ہیں۔
حلقہ انتخاب پہلگام کے دچھنی پورہ علاقہ سے تعلق رکھنے والی رفعت یوسف کی قیادت میں سریگفوارہ سے ولرہامہ تک روڈ شو کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت بی جے پی رہنما شاہنواز حسین کر رہے تھے۔ ان کے ہمراہ بی جے پی کے سینئر رہنما اور جموں و کشمیر کے پارٹی کے نائب صدر صوفی یوسف کے علاوہ کئی پارٹی رہنما بھی شامل تھے، اپنے روڈ شو کے دوران سیاسی رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی کہ 10 دسمبر کو بی جے پی کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔
اس موقع پر سید شاہنواز حسین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'میں نے پیپلز ایلائنز گپکار ڈکلیریشن جنہیں وہ گپکار گینک کے نام سے پکار رہے تھے، آج ان کو ایک نیا نام دیا ہے۔ وہ اب اُنہیں گمراہ گینگ کے نام سے پکاریں گے۔'
اُنہوں نے کہا کہ '70 سال سے کشمیر کے سیاسی رہنماؤں نے کشمیر کو لوٹا ہے، آج تک اُنہوں نے لوگوں سے جو بھی وعدے کئے، زمینی سطح پر وہ تمام وعدے آج تک پورے نہیں ہوئے ہیں۔'
شاہنواز حسین نے کہا کہ 'ڈی ڈی سی انتخابات تعمیر و ترقی کے لئے ہو رہے ہیں، اور اگر اس میں ہماری جیت ہوگی تو ہم کشمیر کی تقدیر بدل دیں گے۔'
یہ بھی پڑھیں: اگر معقول سکیورٹی موجود نہیں تو انتخابات کیوں؟: کانگریس
اُنہوں نے کہا کہ 'بی جے پی کا مقصد یہ ہے کہ ریاست میں تعمیر و ترقی اور خوشحالی کو آگے بڑھایا جائے۔ یہاں پر پڑھے لکھے نوجوانوں کے ہاتھوں میں بندوق کے بجائے لیپ ٹاپ تھما دیا جائے۔'
بی جے پی رہنما کا کہنا ہے کہ 'جتنا پیار مجھے جنوبی کشمیر کے لوگوں سے ملا، اُتنا پیار مجھے آج تک بِہار میں بھی نہیں ملا۔'
واضح رہے کہ جنوبی کشمیر کو سب سے حساس ترین علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔