وادی میں گزشتہ کئی دنوں سے برفباری کی وجہ سے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکرناگ میں معمولات زندگی متاثر ہوئی ہے، تحصیل سے جوڑنے والی اہم سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے لوگ اپنے اپنے گاؤں اور علاقوں میں محصور ہوگئے ہیں۔
کوکرناگ کا علاقہ حیات پورہ کے لوگوں نے کہا کہ مسلسل تین دنوں برفباری کے نتیجے میں مذکورہ علاقہ تحصیل سے منقطع ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے گذشتہ کئی دنوں سے محکمہ آر اینڈ بی ( روڈ اینڈ بلڈنگ) سے اپیل کی گئ ہے کہ علاقہ کی رابطہ سڑک سے برف ہٹانے کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے تاکہ مقامی لوگوں کی آواجاہی میں آسانی پیدا ہوسکے، لیکن محکمہ آر اینڈ بی کی عدم توجہی کی وجہ سے علاقے کے لوگ اپنے گھروں میں محصور ہوگئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ گذشتہ روز علاقہ میں ایک خاتون بیمار ہوگئی تھی جس کو علاج و معالجہ کے لیے اسپتال لے جانا تھا، لیکن رابطہ سڑک پر برف ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کا چلنا ناممکن تھا اس لیے خاتون کو کندھوں کے سہارے اسپتال تک پہنچایا گیا۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے جب یہ معاملہ آر اینڈ بی کے اسسٹنٹ ایگزیکیوٹیو انجینئر سید اعجاز احمد کی نوٹس میں لایا تو انہوں نے یقین دلایا کہ آج شام تک حیات پورہ علاقہ کی رابطہ سڑک کو آمد و رفت کے قابل بنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں:پندرہ ہزار گلیوں کے لئے 15 جے سی بی، میئر کا انکشاف