اننت ناگ: ویسے تو کشمیر کا ہر موسم سہانا ہوتا ہے ،لیکن موسم بہار سب موسموں سے زیادہ خوشگوار ہوتا ہے۔ اس موسم میں چہاروں اطراف دلفریب اور دلکش مناظر ہوتے ہیں۔سر سبز میدان و جنگلات باغات میں مختلف اقسام کے رنگ بہ رنگے پھول نظر آتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اس موسم کو موسموں کا بادشاہ کہا جاتا ہے۔ طویل موسم سرما کے اختتام کے بعد موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی مقامی لوگوں نے مغل باغات اور پارکوں کا رخ کرنا شروع کر دیا۔ متبرک ماہ رمضان کے باوجود لوگ حسین اور صحت افزا مقامات پر جاتے ہیں اور فرصت کے لمحات گزار کر اپنے جسم و ذہن کو ترو تازہ کر دیتے ہیں۔
قصبہ اننت ناگ کا وزیر باغ بھی ان دنوں مقامی سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے ،لوگوں کی ایک بڑی تعداد خاص کر صبح اور شام کے اوقات میں وزیر باغ کا رخ کرتے ہیں اور سر سبز و شاداب اور خوشگوار موسم میں بیٹھ کر اپنی تھکان کو دور کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ماہ رمضان میں بھی بیشتر لوگ یہاں پر آکر پُر سکون وقت گزارتے ہیں۔ باغ کی سیرو تفریح پر آنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ موسم بہار کا موسم اتنا سہانا ہے کہ وہ خود بخود ان حسین جگہوں کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں۔ماہ رمضان کے مقدس ماہ میں بھی وہ اپنا وقت گزارنے کے لئے ان جگہوں کا رخ کرتے ہیں، جس سے انہیں کافی سکون و راحت مل جاتی ہے۔باغ میں مختلف اقسام کے رنگ بہ رنگے پھولوں اور باغ کے سر سبزو شاداب ماحول کے بیچ وقت گزارنے میں انہیں بہت مزا آتا ہے۔
مزید پڑھیں: Almond Blossoms In Kashmir بادام واری میں بادام کے شگوفوں سے لطف اندوز ہونے کے لئے سیاحوں کا رش
تاہم مقامی سیاحوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر باغ کی جانب مزید دھیان دیں، باغ میں بیت الخلاء کی حالت خستہ ہے،جس سے باغ میں آنے والے لوگوں کو دقتیں پیش آ رہی ہیں۔