وادی کشمیر کو قدرت نے پُراسرار خوبصورتی بخشی تو کہیں جنگلوں کو حیاتی تنوع سے سرشار کیا اور یہاں کی خوبصورت فضاؤں کے ساتھ بڑی تعداد میں مقامی لوگوں کا کاروبار بھی منسلک رہتا ہے۔
بہار کا موسم جہاں اپنے اندر فرحت بخش تازگی لے کر آتا ہے وہیں سیاحت کے شوقین لوگوں میں خوبصورت نظارے دیکھنے کی جستجو ابھر آتی ہے۔ وادی کشمیر کے خوبصورت سیاحتی مقام پہلگام میں بڑی تعداد میں لوگ سیاحوں کو لبھانے کے لئے کئی کام کرتے ہیں۔
گھوڑے بان انہیں سیر کراتے ہیں۔ گائڈ انہیں تاریخی مقامات کے حوالے سے آگاہ کرتے ہیں اور فوٹو گرافر انکی تصاویر لے کر انکے خوبصورت لمحات کو قید کرکے انہیں ہمیشہ اپنے تاریخی سیاحتی سفر کی یاد دلاتے ہیں۔
مگر افسوس اس بات کا ہے کہ سیاحتی مقام پہلگام میں کئی ہوٹل والوں نے اپنا کوڑا کرکٹ پہلگام کی مشہور ندی لدرو کے کنارے پر جمع کیا ہے جس سے پانی آلودہ ہو گیا ہے اور جنت نما وادی کی کشش کو بھی داغدار کر دیا ہے۔سیاحتی مقام پہلگام کے مورا علاقے میں تقریبن 150 کے قریب ہوٹل ہیں اور یہ ہوٹل والے اپنا پورا کوڑا کرکٹ لدرو کے کنارے جمع کرکے سیاحتی مقام پہلگام کی خوبصورتی پر کاری ضرب لگا رہے ہیں۔
دوسری طرف آج تک پہلگام کی انتظامیہ خاموش رہی اور آج حرکت میں آکر مورا علاقے میں کئی ہوٹل والوں پر جرمانہ عائد کیا گیا۔اس ندی کا پانی صاف و شفاف ہوتا تھا جو پینے کے ساتھ ساتھ دیگر ضروریات کے لئے بھی استعمال کیا جاتا تھا لیکن آج اس ندی کے کنارے پر کوڑا کرکٹ جمع کرکے اس ندی کا پانی بھی کافی آلودہ ہو چکا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال یہی رہی اور ہوٹل مالکان کو اس ندی میں کوڑا کرکٹ ڈالنے سے نہ روکا گیا تو عنقریب یہ پانی پینے کے لائق نہیں رہے گا۔