مرکذ کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں گذشتہ دنوں ڈی ڈی سی انتخابات میں حصہ لینے کے بعد اپنی جیت درج کرنے والے امیداروں میں خوشی کی لہر دوڈ گئی ہے۔
اسی تناظر کے تحت حلقہ انتخاب کوکرناگ کے ساگم اور برینگ بلاکوں سے پیپلز الائنز آف گپکار ڈیکلیریشن کے منتخب کردہ امیدواروں نے دو بلاکوں سے جن میں برینگ اور ساگم بلاک شامل ہیں وہاں سے اپنی جیت درج کرائی۔
اس حوالے سے گذشتہ شام دیر گئے نتائج آنے کے بعد آج دونوں امیدواروں کی جانب سے کوکرناگ کے بس اسٹینڈ میں ایک کنونشن منعقد کیا گیا۔ جس کی صدارت این سی کے سینئر رہنما اور سابق جج سیعد توقیر نے کی، جبکہ کنونشن میں سیکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔
اس موقعے پر این سی کے سینئر رہنما نے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ جیت پی اے جی ڈی کی نہیں بلکہ لوگوں کی ہے جنہوں نے گذشتہ سال کے مرکذی سرکار کے اس فیصلے کے خلاف ووٹ ڈالا، جس فیصلے نے یہاں کے لوگوں سے شناخت چھین لی۔'
برینگ علاقہ سے پی اے جی ڈی کی چنندہ امیدوار منیرا جہانگیر اور ساگم کی نشست سے جیت درج کرنے والے ایڈوکیٹ محمد سلیم پرے نے اپنی تقریر میں برینگ اور ساگم کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ''لوگوں نے ہم پر جو اعتماد جتایا ہے، ہم ان کے اس اعتماد اور بھروسے کو کبھی ٹوٹنے نہیں دینگے۔''
انہوں نے کہا کہ ''ہم نے کمپین کے دوران لوگوں سے جو بھی وعدے کئے ہیں ہم ان کو بہت جلد عملی جامہ پہنائیں گے۔''
اس موقع پر سعید توقیر نے ای ٹی وی نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ''میں برینگ اور ساگم کے عوام کا شکرگذار ہوں، جنہوں نے ہماری جیت کو یقینی بنایا۔'' ان کا کہنا ہے کہ 'ہماری یہ تمنا تھی کہ ہم لوگوں کی خدمت کریں گے۔'