سوشل میڈیا پر ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے معاملہ کی فوری طور تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
دراصل منگل کے روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک شخص جس نے حال ہی میں کووڈ 19 کی وجہ سے اپنی والدہ اور بہن کو کھو دیا ہے ، نے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ کی انتظامیہ کے خلاف علاج و معالجہ کے دوران لاپرواہی کا الزام لگایا۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد ڈی سی اننت ناگ نے سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ایک حکمنامہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جی ایم سی انتظامیہ پر لگائے گئے الزامات کی حقیقت سامنے لانے کے لئے معاملہ کی جانچ کی جائے۔
حکمنامہ میں پرنسپل جی ایم سی اننت ناگ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ معاملہ کی تحقیقات کرنے کے لئے ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم تشکیل دیں۔ کوتاہی سامنے آنے پر معاملہ کا سنجیدہ نوٹس لیا جائے اور ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جس سے مستقبل میں ایسے واقعات سامنے نہ آئیں۔ جانچ رپورٹ کو تین روز کے اندر ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں بخشی آباد اننت ناگ کی رہنے والی ایک خاتون اور اس کی بہو نے کووڈ 19 کی وجہ سے جی ایم سی اننت ناگ میں کئی روز تک زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ دیا تھا ۔ جس کے بعد لواحقین نے جی ایم سی انتظامیہ پر بد نظمی اور لاپرواہی کا الزام لگاتے ہوئے ایک ویڈیو کلپ تیار کرکے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی۔