جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کا حلقہ انتخاب بجبہاڑہ سیاست دانوں کا گڑھ مانا جاتا ہے کیونکہ اس علاقے سے کئی سارے سیاست دانوں نے جنم لیا ہے، جن میں خاص طور پر سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید اور ان کی بیٹی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا نام سر فہرست ہے۔ لیکن اگر اس حلقہ کی زمینی صورتحال کی بات کریں تو نتائج بالکل برعکس ہیں۔ جس کی تازہ مثال بجبہاڑہ کے پازالپورہ میں دیکھنے کو مل رہی ہے۔
پازالپورہ نامی علاقہ محبوبہ مفتی کا آبائی علاقہ ہے۔ لیکن اس علاقے کی سڑکیں خود ہی اپنی حالت بیان کر رہی ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی بار ضلع انتظامیہ سے علاقہ کی رابطہ سڑکوں پر میکڈامائزیشن بچھانے کی درخواست کی، لیکن آج تک مذکورہ علاقہ کے رہائش پذیر لوگوں کے مطالبے پر غور نہیں کیا گیا۔ جس کی وجہ سے مقامی لوگ کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
لوگوں نے مزید بتایا 'علاقے میں سڑک کی خستہ حالی کے بارے میں کئی بار محکمہ آر اینڈ بی سے رجوع کیا گیا، تاہم افسران کی عدم توجہی کی وجہ سے یہاں کے لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں۔'
لوگوں کا کہنا ہے 'بارشوں کے دوران سڑک پر پانی جمع ہوکر کیچڑ کی شکل اختیار کر لیتا ہے اور پھر موسم خشک ہوتے ہی یہی دھول بن کر لوگوں کے لئے پریشانیاں کھڑی کرتا ہے جس کی وجہ سے لوگ اکثر و بیشتر بیمار رہتے ہیں۔'
یہ بھی پڑھیے
جذام میں مبتلا معمر خاتون مدد کی منتظر
اس ضمن میں ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے محکمہ آر اینڈ بی کے اسسٹنٹ ایگزیکیٹو انجینئر ملک قیوم سے فون پر بات کی تو انہوں نے کہا 'فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے سڑک پر میکڈم نہیں بچھایا جا سکا ہے۔ جیسے ہی فنڈز واگزار ہو جائیں گے تو وہ مذکورہ علاقے میں رابطہ سڑک کا کام شروع کریں گے'۔
مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے تاکہ لوگوں کو مزید مشکلات سے دو چار نہ ہونا پڑے۔