محکمہ آر اینڈ بی کی جانب سے عملہ اور مشینری کو کام پر لگا دیا گیا ہے اور قصبہ کے مختلف مقامات پر رابطہ سڑکوں کی مرمت کر کے تارکول بچھانے کا کام شدومد سے جاری ہے۔
دیہی علاقوں کے ساتھ ساتھ اننت ناگ کے شہری علاقوں میں بھی سڑکوں کی حالت نا گفتہ بہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ضلع اننت ناگ کا دل کہلانے والے لال چوک سمیت میڈیکل کالج اور زچہ بچہ ہسپتال کی جانب جانے والی تمام رابطہ سڑکیں خستہ ہو چکی تھیں۔
سیول سوسائٹی سمیت تجارتی انجمنوں کی جانب سے کئی بار ضلع انتظامیہ سے سڑکوں کی مرمت کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ تاہم دیر سے ہی صحیح رابطہ سڑکوں پر تارکول بچھانے کا عمل شروع کرنے کے بعد راہگیروں، تجارت پیشہ افراد اور عام لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔
لوگوں نے انتظامیہ کے اس قدم کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ 'انتظامیہ نے ان کی دیرینہ مانگ کو پورا کر دیا ہے۔'
تاہم لوگوں کا مطالبہ ہے کہ قصبہ سے متصل علاقوں، اشاجی پورہ، ڈبرنہ، چھی، دانتر و دیگر مقامات پر بھی خستہ ہو چکی رابطہ سڑکوں کو میگڈامائز کیا جائے۔