پنچوں کے ساتھ مقامی لوگ بھی موجود تھے، جن کا صاف طور پر کہنا ہے کہ حلقہ حالیپورہ کے سات وارڈز میں منریگا کے تحت تعمیراتی کام یکساں طریقے سے نہیں ہو رہے ہیں۔
پنچوں کا کہنا ہے کہ 2018 سے لے کر رواں برس تک مذکورہ حلقے میں جتنے بھی فنڈز آئے ہیں، اُن میں سے چیر تنزی گاؤں کو ایک روپے بھی نہیں دیا گیا۔
ناراض پنچوں کا کہنا ہے کہ حلقے میں منریگا کے تحت رواں سال کا جو تعمیراتی پلان دیا گیا تھا، اس میں مذکورہ سرپنچ نے اپنے چار وارڈ کے لئے تقریباً 56 لاکھ روپے مختص رکھے ہیں، جبکہ چیرتنزی کے تین واڑڈز کے لئے محض 24 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں، جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ علاقے میں ترقی کے نام پر چیرتنزی کے ساتھ غلط کیا جا رہا ہے۔
برہم پنچوں نے مقامی سرپنچ ان کی اہلیہ پنچ اور کوکرناگ کے بلاک ڈیولپمینٹ چیئرپرسن پر الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ ان تینوں نے مل کر تعمیراتی فنڈز کا غلط طریقے سے استعمال کیا ہے، انہوں نے کہا کہ حلقے میں منریگا کے تحت جتنے بھی تعمیراتی کام ہوئے ہیں، وہ انہی چار وارڈز کے چند افراد کے ارد گرد کروائے گئے ہیں، جس میں عام لوگوں کا کوئی فائدہ نہیں۔
ای ٹی وی بھارت نے یہ معاملہ حالپورہ کے سرپنچ گلزار احمد کی نوٹس میں لایا تو انہوں نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اُن تین وارڈز میں کل ملا کر 139 جاب کارڈ ہولڈر ہیں جس کی بنیاد پر وہاں تعمیراتی کام ہو رہے ہیں، جبکہ باقی کے چار وارڈز میں 408 جاب کارڈ ہولڈر ہیں، ان کا کہنا ہے کہ جو اس سال اپروو پلان آیا ہے اُس کے حساب سے انہیں 13985 روپے ایک جاب ہولڈر کو سال بھر کے لئے دیا جاتا ہے، تو اس حساب ان کا کل ملا کر 19 لاکھ بن جاتے ہیں جبکہ سرپنچ نے ان وارڈز کے لئے 24 لاکھ روپے کا پلان دیا ہے۔
معاملے کی کیفیت کو دیکھتے ہوئے ای ٹی وی بھارت نے یہ مسئلہ بی ڈی سی چیئرپرسن پروینہ کی نوٹس میں لایا تو انہوں نے کہا کہ' وہ پنچوں اور سرپنچ گلزار احمد کی ایک میٹنگ بلائیں گی، چیئرپرسن کا کہنا ہے کہ وہ کسی کی طرفداری نہیں کریں گی اور اگر ان معاملات میں کوئی کوتاہی پائی گئی تو وہ اس شخص کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں گی۔