ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ میں واقع ڈانجی پورہ کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ علاقے میں بجلی کا ترسیلی نظام خستہ حالی کا شکار ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مذکورہ علاقے میں بجلی کے کھمبوں کا فقدان ہے، جبکہ ترسیلی لائن کا نظام کافی بوسیدہ ہو چکا ہے، جس کے باعث مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ ہم نے خود علاقے میں لکڑیوں کے چھوٹے چھوٹے کھمبے نصب کئے ہیں، جبکہ بیشتر مقامات پر بجلی کی ترسیلی لائنیں مختلف درختوں کے ساتھ لٹکی ہوئی ہیں، جو کافی بوسیدہ ہونے کے ساتھ ساتھ ان پر مختلف جگہوں پر گھانٹ لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب برف باری کا موسم شروع ہو جاتا ہے تو بجلی کی ترسیلی لائنوں کا کمزور نظام ہونے کے باعث گنجان آبادی بجلی سے کئی دنوں تک محروم ہو جاتی ہیں۔ جس کا سیدھا اثر علاقے کے طلبہ کی پڑھائی پر پڑتا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بجلی نظام درست نہ ہونے کے سبب آج تک مذکورہ علاقے میں کئی بار حادثات بھی رونما ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بیک ٹو ولیج میں علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے حکومت کی جانب سے کچھ پیسے مختص رکھے گئے تھے، تاہم ابھی تک ان پیسوں کو علاقے کی تعمیر نو کے لیے استعمال میں نہیں لایا گیا۔ انہوں نے انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ مذکورہ علاقے میں بجلی کے نظام کو فعال بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: بی جے پی رہنما رشوت لینے کے الزام میں پارٹی سے باہر
ای ٹی وی بھارت نے فون پر یہ معاملہ محکمہ بجلی کے اسسٹنٹ ایکزیکیٹیو انجنیئر فیاض احمد کی نوٹس میں لایا تو انہوں نے کہا کہ مذکورہ علاقے میں بجلی کے نظام کو درست کرنے کے لیے محکمہ کی جانب سے باربڑ وائر اسکیم چلائی جا رہی ہے، جس کے تحت مذکورہ علاقے میں بجلی کی خستہ حالی کو دور کیا جائے گا۔