جنوبی کشمیر South kashmirکے ضلع اننت ناگ سے محض چند کلومیٹر کی دوری پور واقع بمزو، بجبہاڑہ سے بہنے والے نالہ لیدر کے کناروں پر گندگی کے ڈھیر جمع ہیں۔ Lidder banks Turned into Dumping Site علاقے میں کوڑا کرکٹ کو سائنسی بنیادوں پر ڈسپوز کرنے کے لیے ڈمپنگ سائٹ نہ ہونے کے سبب مقامی باشندے گھروں سے کوڑا کرکٹ نکال کر نالہ کے نذر کر رہے ہیں۔
نالہ لدر کے کناروں پر کوڑا کرکٹ جمع ہونے اور بارشوں کے دوران بہتے پانی میں سرایت کرنے سے نہ صرف ندی کا پانی آلودہ ہو چکا ہے بلکہ نالے میں مچھلیوں کے ناپید ہونے کا بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعلقہ حکام سے کئی بار ڈمپنگ سائٹ کو نالہ لدر سے دور کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔ تاہم، انکے مطابق، اس پر توجہ نہیں دی گئی۔
محکمہ دیہی ترقی کے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر آشفین علی خان نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’محکمہ نے سوچھ بھارت مشن کے تحت کئی بار مختلف علاقوں میں جانکاری کیمپ منعقد کئے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’کئی بار لوگوں سے یہ اپیل کی تھی کہ اپنے آس پاس کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔ آبی ذخائر کی حفاظت عوامی تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔‘‘
انہوں نے آنے والے چند دنوں کے اندر سوچھ بھارت مشن کے تحت نالہ لدر کے کناروں کی صفائی کرانے کی یقین دہانی کرائی۔
- مزید پڑھیں: اننت ناگ: دریائے لدر ڈمپنگ سائٹ میں تبدیل
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر پوری دنیا میں اپنے منفرد آب و ہوا، سر سبز و شاداب جنگلات کے اعتبار سے کافی مقبول ہے۔ وہی یہاں کے ندی نالے، جھرنے، جھلملاتے آبشار بھی وادی کے قدرتی حسن کا اہم حصہ ہیں۔ تاہم بد قسمتی سے قدرت کی ان نعمتوں کو انسان ختم کرنے پر تلا ہوا ہے۔
شہرہ آفاق پہلگام سے بہنے والا نالہ لدر کا پانی River Lidder in South Kashmirایک دہائی قبل ضلع کے مختلف علاقوں کی اراضی کو سیراب کرنے کے ساتھ ساتھ لاکھوں لوگوں کی پیاس بجھانے میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے، جبکہ اسی لدر کو ٹراؤٹ بیٹ کا لقب حاصل ہے، تاہم دور حاضر میں نالہ لدر کو ڈمپنگ سائٹ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ آبی ذخائر کی حفاظت کے برعکس انہیں آلودہ اور ڈمپنگ سائٹ کے طور پر استعمال کرنا مستقبل میں کافی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔