پہلگام/سونہ مرگ (جموں کشمیر): یونین ٹیریٹری جموں و کشمیر کی لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کی جانب سے رواں برس ونٹر ٹورزم کو فروغ دینے کے لیے سال گزشتہ کی آخری شب یعنی 31 دسمبر 2023 کو گلمرگ کے علاوہ اب معروف سیاحتی مقامات سونہ مرگ اور پہلگام میں بھی نئے سال کے استقبال کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جموں و کشمیر محکمہ سیاحت کی جانب سے پہلے ہی اس ضمن میں پروگرام تریب دیا گیا تھا اور لوگوں کی دل جوئی کے لیے مقامی گلوکاروں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
پہلگام میں نئے سال کا جشم
معروف سیاحتی مقام پہلگام میں ونٹرکارنیوال فیسٹیول کے نئے سال کا استقبال اور گزشتہ برس کو الوداع کہنے کی غرض سے ’’ونٹرکارنیوال فیسٹیول‘‘ کے تحت جشن منایا گیا۔ محکمہ سیاحت کی جانب سے منعقدہ اس پروگرام میں کشمیر کے مقامی فنکاروں نے سماء باندھا، جبکہ سیاحوں نے بھی نئے سال کی آمد کو یادگار بنایا۔ سال2023 کی کھٹی میٹھی یادوں کے ساتھ سال نو کی آمد کو یادگار بنانے کی غرض سے پہلگام میں محکمہ سیاحت کی جانب سے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
ونٹر کارنیوال کے تحت پہلگام میں منعقدہ پروگرام میں مقامی گلوکاروں نے حصہ لیا۔ پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے معروف سیاحتی مقام پہلگام میں کشمیری کے مشہور گلوکار اشفاق کاوا، آئی بی ایم بینڈ، نور بینڈ، آئی بی ایم بینڈ عرفان، بلال اور مہمیت شامل ہیں نے پہلگام کلب میں پرفارم کیا۔ ان مشہور گلوکاروں نے پہلگام کلب میں سما باندھا اور حاضرین کو جھومنے پر مجبور کیا۔ اس موقع پر ملک کے مختلف حصوں سے آئے سیاحوں نے نئے سال کے جشن کو تاعمر نہ بھولنے والا لمحہ قرار دیا اور کشمیر میں نئے سال کے استقبال کو ایک منفرد تجربہ قرار دیا۔
سونہ مرگ میں سال نو کی آمد پر تقریب
معروف سیاحتی مقام سونہ مرگ میں محکمہ سیاحت کے زیر اہتمام پہلی مرتبہ سال نو کا جشن منایا گیا۔ اس حوالہ سے سونمرگ میں دو روزہ تقریب کا آغاز کیا گیا جس میں سرمائی کھیل، رنگا رنگ تمدنی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ اس دو روزہ تقریب کا انعقاد ضلع انتظامیہ گاندربل، سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور محکمہ سیاحت نے مشترکہ طور کیا۔ جشن کی تقریب میں مقامی باشندوں کے سیاحوں کی ایک خاصی تعداد موجود رہی۔
مزید پڑھیں: نئے سال کا استقبال اور توقعات، جانیے 2024 میں نیا کیا ہوگا
سیاحوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’سونہ مرگ میں نئے سال کی تقریب منانا ایک نیا تجربہ ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ وہ یہاں آکر بہت خوش ہیں۔ وہ یہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی سے بھی کافی متاثر ہوئے۔ علاوہ ازیں سرینگر کے معروف گھنٹہ گھر میں بھی نئے سال کے جشن کی تقریب منعقد ہوئی۔