جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے قصبہ بجبہاڑہ میں پولیس اور محکمہ مال کی جانب سے کی گئی مشترکہ کارروائی کے دوران بھنگ کی کاشت کو تباہ کیا کیا۔
بجبہاڑہ میں قائم لوکیٹی پورہ میں جمعہ کو پولیس اور محکمہ مال نے ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران کئی کنال اراضی پر اگائی جا رہی بھنگ کی کاشت کو تباہ کیا۔ اس کارروائی میں پولیس اور محکمہ مال سے وابستہ کئی افسران موجود تھے۔
اس موقعے پر پولیس نے لائوڈ اسپیکر کے ذریعے عوام کو از خود اپنی زمینوں سے بھنگ کی کاشت کو تباہ کرنے کی اپیل کی۔
پولیس نے اعلان کرتے ہوئے کہا: ’’جو لوگ منشیات کی اس کارروائی میں ملوث پائے جائیں گے، اُن کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘‘
پولیس کی جانب سے بھنگ کی کاشت کو تباہ کیے جانے کی کارروائی کی مقامی لوگوں نے کافی سراہنا کی۔
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں دن بہ دن منشیات کے استعمال، کاشت اور کاروبار میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔