جموں و کشمیر کے جنوبی ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکر ناگ میں دیہی علاقوں میں انتظامیہ کی جانب سے عوامی مشکلات کو حل کرنے اور ترقیاتی پروگرام شروع کرنے کے لیے ضلع انتظامیہ کی جانب سے بلاک دیوس پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔
بلاک دیوس کا انعقاد سب ڈیویژن کوکرناگ کے بجٹ اکاموڈیشن میں کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت ڈپٹی کمشنر اننت ناگ کے کے سدا نے کی۔
ضلع ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ مختلف محکموں کے افسران کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسلر بھی موجود رہے جبکہ پروگرام میں پنچ، سرپنچوں کے علاوہ لوگوں کے کئی وفود بھی حاضر تھے۔
ڈی سی موصوف نے عوام کو درپیش مسائل کا فوری طور ازالہ کرنے کے لیے افسران کو ہدایت جاری کی۔ انہوں نے افسران کو عوامی مسائل حل کرنے کی تلقین کی تاکہ عوام راحت کی سانس لے سکے۔
اس دوران مختلف دیہات کے درجنوں وفود نے اپنے مسائل انتظامیہ کی نوٹس میں لائے۔
ڈپٹی کمشنر اننت ناگ نے کہا کہ 'بلاک دیوس منانے کا مقصد یہی ہے کہ تعمیر و ترقی کے راہ کو جموں و کشمیر میں ہموار کیا جائے ساتھ ہی ساتھ عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ قلیل مدت میں ممکن ہو اور عوامی حلقوں کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔