جموں و کشمیر بینک میں کام کر رہے عارضی صفائی ملازمین نے تنخواہوں کی عدم دستیابی کو لے کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاجیوں نے زونل آفس جموں و کشمیر بینک اننت ناگ کے دفتر کے باہر اپنی مانگوں کو لے کر زبردست احتجاج کیا اور بینک حکام کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ وہ کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں، اس کے باوجود وہ معقول طریقہ سے اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ تنخواہیں واگزار نہ ہونے سے ان کے اہل خانہ خاص کر بچے خوشیوں سے محروم ہو گئے ہیں، جو سراسر نا انصافی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وادی کشمیر میں سردی کے بادشاہ 'چلہ کلان' کی آمد
احتجاجیوں نے ایک نجی سیکورٹی کپمنی کے خلاف بھی زبردست نارہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ 10 برسوں سے بینک میں جا کر صفائی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اس دوران ڈیوٹی انجام دیتے دیتے کئی نوجوان کی موت واقع ہوئی اور کئی صفائی ملازمین مختلف بیماریوں کے شکار ہو گئے۔
انہوں نے چیرمین جموں و کشمیر بینک سے معاملے میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔