ضلع اننت ناگ کے مختلف علاقوں خاص کر جموں سرینگر قومی شاہ راہ کے متصل غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے۔
چند خود غرض عناصر نے بجبہاڑہ سمتھن گرین ٹنل پرانے نیشنل ہائی وے اور پہلگام بائی پاس شاہراہ کری کدل کے مقامات پر لینڈ ریونیو ایکٹ کی دفعہ 133 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی کمرشل عمارات تعمیر کیے ہیں اور اکثر عمارات کا تعمیری کام جاری ہے۔ بیشتر عمارات پر اس وقت کام شروع کیا گیا جب کووڈ-19 لاک ڈاون کے دوران لوگ اپنے گھروں میں محصور تھے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ خود غرض عناصر موقعہ کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کووڈ-19 لاک ڈاون کی آڑ میں یہاں کے متعدد مقامات پر غیر قانونی تجاوزات کھڑے کئے گئے ہیں۔ یہ سب کارنامہ انتظامیہ کی ناک کے نیچے ہو رہا ہے۔ اس کے باوجود حکام خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوکرناگ: سریپورہ کے لوگوں کو نل کا پانی کب نصیب ہوگا؟
انہوں نے انتظامیہ سے معاملہ کی جانب توجہ مبذول کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ایسے افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کی اپیل کی۔
ادھر ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے سب ڈویثرنل مجسٹریٹ بجبہاڑہ محمد جہانگیر کھانڈے نے کہا کہ وہ جلد ہی علاقہ کا جائزہ لے کر حقائق کا پتہ لگائیں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔