ذرائع کے مطابق عسکریت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی 22 آر آر، جموں و کشمیر پولیس کی خصوصی ٹیم ایس او جی اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طور پر کنڈی پورہ بجبہاڑہ علاقے کو محاصرے میں لیا اور تلاشی کاروائی شروع کی۔ تلاشی کاروائی کے دوران علاقے میں چھپے عسکریت پسندوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد تصادم شروع ہوا۔
ادھر کشمیر زون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا ' کنڈی پورہ بجبہاڑہ علاقے میں انکاؤنٹر شروع ہوا ہے۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز کاروائی میں مصروف ہیں۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے'۔
ذرائع نے بتایا کہ انکاؤنٹر شروع ہوتے ہی علاقے میں انٹرنیٹ خدمات معطل کر دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سوپور کے تجر شریف علاقے میں سکیورٹی فورسز نے عسکری تنظیم البدر کے چیف غنی خواجہ کو ایک انکاؤنٹر میں ہلاک کر دیا۔ کشمیر زون پولیس کے انسپیکٹر جنرل وجے کمار نے آج سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 'تجر شریف سوپور میں بڑی کامیابی ملی ہے۔ یہاں کل رات البدر کے کمانڈر کو ہلاک کیا گیا تھا۔'