اننت ناگ (جموں کشمیر) : جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے پادشاہی باغ، بجبہاڑہ علاقے میں منگل کے روز سڑک حادثہ میں ایک خاتون کی موت واقع ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق منگل کی صبح اسکوٹی، جس پر خاتون سمیت دو افراد سوار تھے، پادشاہی باغ، بجبہاڑہ کے مقام پر ایک تیز رفتار ٹرک سے ٹکرائی۔ ٹکر کے نتیجے میں اسکوٹی پر سوار خاتون ڈرائیور سمیت دونوں افراد سڑک پر جا گرے اور دونوں اسکوٹی سوار شدید طور پر زخمی ہو گئے۔
حادثہ کے فورا بعد دونوں کو زخمی حالت میں سب ضلع ہسپتال بجبہاڑہ منتقل کیا گیا جہاں علاج و معالجہ کے دوران زخمی خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے فوت ہو گئی، جبکہ حادچہ میں زخمی ہوئے دوسرے شخص کا علاج ہسپتال میں جاری ہے۔ فوت ہوئی خاتون کی شناخت جبلی پورہ، اننت ناگ کی رہنے والی مصباح گلزار دختر گلزار احمد کے طور پر ہوئی ہے۔
اننت ناگ پولیس نے خاتون کی میت کو لوازمات کے لئے اپنی تحویل میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ طبی و قانونی لوازمات کی تکمیل کے بعد متوفیہ کی جسد خاکی کو آخری رسومات کی انجام دہی کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔ ادھر، پولیس نے قانونی کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کرکے اس معاملے میں تفتیش شروع کر دی ہے۔
مزید پڑھیں: Anantnag Road Accident اننت ناگ میں سڑک حادثہ، آٹھ افراد زخمی
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں ٹریفک کے بڑھتے حادثات میں آئے روز انسانی جانوں کا زیاں ہوتا ہے۔ یوٹی میں سب سے زیادہ حادثات سرینگر جموں شاہراہ پر رونما ہوتے ہیں۔ حکام کا ماننا ہے کہ تیز رفتار ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین کو خاطر میں لائے جانے کے سبب حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں تاہم عوام کا ماننا ہے کہ خستہ حال سڑکیں بھی حادثات کی وجہ بنتی ہیں۔