اننت ناگ: منشیات کی بدعت پر قابو پانے اور ادویات فروشوں پر سخت نگرانی برقرار رکھنے کی کوشش کے تحت، ڈرگ کنٹرول افسران نے وادی کشمیر میں بغیر نسخے ادویات کی فروخت میں ملوث درجنوں میڈیکل دکانوں کے لائسنس معطل کر دیے ہیں۔ اس سلسلہ میں اننت ناگ ضلع میں سات میڈیکل اسٹورز کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ڈرگ کنٹرول محکمہ کے ایک افسر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ یہ ایک جاری عمل ہے اور اس عمل میں سرعت لائی جا رہی، تاکہ قوانین کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے متعدد ادویات فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
ڈرگ کنٹرول افسر نے بتایا کہ اننت ناگ ضلع میں، ڈرگ کنٹرول کی ایک ٹیم نے بغیر نسخے ادویات فروخت کرنے اور خاص طور پر منشیات کے عادی افراد کو غیر قانونی طریقہ سے ڈرگس فراہم کرنے کے سلسلہ میں سات میڈیکل اسٹورز کی لائسنس معطل کر دی گئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کارروائی دیگر اضلاع میں بھی شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور کام کرنے والے ادویات فروشوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی اور عوام کی جانوں سے کھیلنے والے کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔
مزید پڑھیں: Drug Addiction Among Youthنوجوانوں میں نشہ کا بڑھتا رحجان
واضح رہے کہ ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر بشارت قیوم کی ہدایت پر ڈرگس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اننت ناگ کی طرف سے شیڈول، ایچ، ایچ ون، اور ایکسH، H1 اور X ادویات کے ریگولیشن اور سی سی ٹی وی کی تنصیب اور کمپیوٹرائزڈ بلنگ سسٹم کو اپنانے کے حوالے سے ایک وسیع مہم شروع کی گئی ہے۔خصوصی مہم کے دوران ضلع بھر میں قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے متعدد میڈیکل شاپس کے خلاف کارروائی کی گئی۔