مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں فورجی کی بحالی کے بعد اپنی پارٹی کے ضلع صدر اور سابق ایم ایل اے برنگ عبد الرحیم راتھر نے مرکزی حکومت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہم پر کوئی احسان نہیں کیا، بلکہ یہ ہمارا حق ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آج کل کے دور جدید میں انٹرنیٹ کی اشد ضرورت ہے۔
عبد الرحیم راتھرنے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دور جدید میں موبائل انٹرنیٹ نہ صرف تاجر برادری اور محکمہ تعلیم کے لئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے بلکہ جموں و کشمیر کے لاکھوں لوگ بھی موبائل انٹرنیٹ کے فائدے سے مستفید ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہماری بدقسمتی رہی ہے کہ جموں و کشمیر کی عوام کو بہت عرصے سے اس سہولت سے محروم رکھا گیا تھا۔
عبدالرحیم راتھر کا کہنا ہے کہ کافی عرصہ سے اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے فورجی کی بحالی کو لے کر اس کے لئے کافی جد و جہد کی۔
عبد الرحیم راتھر نے کہا کہ ہمارے صدر محمد الطاف بخاری اس معاملے کو لے کر کئی بار ملک کے وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ یونین ٹیریٹری جموں وکشمیر کے گورنر منوج سنہا سے بھی ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: اننت ناگ: 4 جی انٹرنیٹ خدمات کی بحالی پر لوگوں کا ردعمل
ان کا کہنا ہے کہ دیر سے لیکن ہماری باتوں پر مرکز اور گورنر انتظامیہ نے تبادلہ خیال کیا اور ہم اپنی کوشش میں کامیاب ہو گئے۔
عبد الرحیم راتھر نے مرکزی حکومت اور گورنر انتظامیہ سے وادی میں ریل خدمات کو بحال کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے ملک کی دیگر ریاستوں میں ریل خدمات جاری ہیں، ٹھیک اسی طرح وادی کے لوگوں کی مشکلات کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے یہاں کے عوام کو سہولت پہنچانے کی غرض سے ریل خدمات کو پھر سے بحال کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔