جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے لا لیوان، بٹکوٹ علاقے میں لوگوں کو پینے کے صاف پانی کے حوالے سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ جل شکتی کی جانب سے علاقے میں واٹر فلٹریشن پلانٹ تعمیر تو کیا گیا تاہم اسے ابھی تک فعال نہیں بنایا گیا۔
فلٹریشن پلانٹ کو فعال نہ بنائے جانے کے سبب اسکی حالت نا گفتہ بہ ہو چکی ہے۔
مقامی باشندوں نے بتایا کہ علاقے میں پینے کے پانی کے حوالے سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے محکمہ جل شکتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو آلودہ پانی پینے کے لیے مجبور کیا جا رہا ہے کیونکہ گزشتہ ایک سال سے فلٹریشن پلانٹ بے کار پڑا ہوا ہے۔
لالیوان، بٹکوٹ کے رہائشیوں نے کہا کہ فلٹریشن پلانٹ کی صاف صفائی کیے جانے اور اسے فعال بنائے جانے سے متعلق انہوں نے کئی بار متعلقہ حکام سے رجوع کیا تاہم انکے مطابق محکمہ نے اس جانب سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔
مزید پڑھیں: اننت ناگ: کروڑوں روپے صرف کرنے کے باوجود سیاحتی پارک چراگاہ میں تبدیل
محکمہ جل شکتی کے افسران نے بتایا کہ لالیوان، بٹکوٹ فلٹریشن پلانٹ کو فعال بنائے جانے کے لیے جلد ہی ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے۔